باکسر میری کوم نے ایشیائی باکسنگ چمپین شپ میں گولڈ میڈل جیتا

نئی دہلی: ہندوستان کی مایہ ناز باکسر ایم سی میری کوم نے ایشیائی ویمن باکسنگ چمپین شپ کے48کلو گرام کے زمرے میں اپنا پانچواں گولڈ میڈل جیتا۔
ویتنام میں جاری ایشیائی ویمن باکسنگ چمپین شپ کے فائنل مقابلہ میں جو بدھ کے روز ہوا ،میری کوم نے جو گولڈ میڈل جیتا وہ 2014کے ایشیائی کھیلوں کے بعد ان کا پہلا طلائی اور اس سال کا ان کا پہلا کوئی تمغہ ہے۔
فائنل میں ان کا مقابلہ شمالی کوریا کی پانچ بار کی عالمی چمپین اور اولمپک میں کانسے کا میڈل جیتنے والی کم ہیانگ می سے تھا جو کہ اس ٹورنامنٹ میں میری کوم کے اب تک کے حریفوں میں سب سے زیادہ جارح باکسر تھیں۔
لیکن اس کے باوجود میری کوم نے اپنے حواس مجتمع رکھے اور مقابلہ یکطرفہ بناتے ہوئے5-0کے فرق سے جیت حاصل کی۔

Title: mary kom strikes gold at asian championships | In Category: کھیل  ( sports )