نیوزی لینڈ کو فیصلہ کن میچ میں ہرا کرہندوستان نے سریز 2-1سے جیت لی،بومرا سارے ایوارڈ لے اڑے

تھرواننت پورم:بارش سے متاثرہ میچ میں جو 8اووروں کا کر دیا گیا تھا، ٹیم انڈیا نے بولنگ اور فیلڈنگ کا بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے تمل ناڈو کے تھرو اننت پورم میں تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں نیوزی لینڈ کو 6رنز سے شکست دے کر تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سریز 2-1سے جیت لی ۔ 68رنز کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ8اوورووں میں 6وکٹ پر61رنز ہی بنا سکی۔
نیوزی لینڈ کو پہلا جھٹکا بھونیشور نے اپنے پہلے اوور کی چھٹی گیند پر افتتاحی بلے باز مارٹن گوپتل کو کلین بولڈ کر کے دیا۔وہ تین گیندوں پر صرف ایک رن ہی بنا سکے۔ اگلے ہی اوور میں بومرا نے دوسرے افتتاحی بلے باز کولن مونرو کوروہت شرماکے ہاتھوں ڈیپ مڈ آن پر کیچ آؤٹ کرا کے نیوزی لینڈ کو دوسرا جھٹکا دیا۔
کپتان ولیمسن اور فلپس اسکور کو 36تک لے کر گئے ہی تھے کہ چائنا مین بولنگ کے ماہر کلدیپ یادو نے پہلے ہی اوور میں دونوں بلے بازوں کو پویلین واپس بھیج کر نیوزی لینڈ کی شکست کا تابوت تیار کر دی۔ ولیمسن 8رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ فلپس کو اسی اوور میں دھون نے کیچ آؤٹ کیا۔بومرا نے اپنے دوسرے اور اننگز کے ساتویں اوور کی پہلی گیند پر نیکولس کو فائن لیگ پر ایر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ اور پانچویں گیند پر بروس کو دھونی کے ہاتھوں رن آؤٹ کراکے کیوی کی شکست کے تابوت میں آخری کیلیں پیوست کر دیں۔
ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرتے ہوئے جب تیسرے ہی اوور میں ٹم ساؤتھی نے شکھر دھون اور روہت شرما دونوں کو ہی آؤٹ کر دیاتو ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ ٹیم انڈیا پر یہ 8اوور بھی بہت بھاری پڑیں گے۔شکھر نے 6اور روہت نے8رنز بنائے۔اور جب چوتھے اوور میں وراٹ کوہلی اور چھٹے اوور میں سریش ایر بھی آؤٹ ہو گئے تو اس کا احساس اور زیادہ ہونے لگا ۔
لیکن منیش پانڈے نے 11گیندں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کے ساتھ17اور ہاردیک پانڈیا نے ایک چھکے کی مدد سے 10گیندوں پر 14رنز کی غیر مفتوح اننگز کھیل کراسکور 5وکٹ پر67رنز تک پہنچا دیا۔کیوی ٹیم کی طرف سے ساؤتھی اور سوڈھی نے دو دو وکٹ لیے ۔ایک وکٹ بولٹ کو ملی۔ جسپریت بومرا کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سریز قرار دیا گیا۔
اس میچ میں ہندوستان نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی تھیں۔ ڈیبو کرنے والے فاسٹ بولر محمد سراج اور اکشر پٹیل کی جگہ منیش پانڈے اور کلدیپ یادو کو لیا گیا تھا۔اور ان دونوں نے ہی ٹیم کو میچ جتانے میں بھرپور ساتھ دیا۔

Title: chahal bumrah help india edge eight over shootout | In Category: کھیل  ( sports )
Tags: , ,