آسٹریلیا ہندوستان کو ہرا کر ٹی ٹونٹی میچوں کی سریز میں ایک ایک کی برابری پر

گوہاٹی:موسس ہینرکس کی ہاف سنچری اور اور ٹریوس ہیڈ کی 48رنز کی جارحانہ اننگز نیز دونوں کے درمیان تیسرے وکٹ کے لیے109رنز کی پارٹنر شپ کی بدولت آسٹریلیا نے ہندوستان کو8وکٹ سے شکست دے کر تین ٹونٹی ٹونٹی میچوں کی سریز میں ایک ایک سے برابری کر لی۔آسام کے دارالحکومت گوہاٹی کے برسا پارا کرکٹ اسٹیڈیم میں119رنز کے ٹارگٹ کا تعاقب کرتے ہوئے اگرچہ آسٹریلیا نے بڑا خراب آغاز کیا اور دوسرے اوور میں ہی کپتان ڈیوڈ وارنر 2رنز بنا کر اور13کے مجموعی اسکور پر آرون فنچ 8رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ وارنر کو بومراہ نے اور فنچ کو بھونیشور آؤٹ کیا۔ دونوں بلے بازوں کاوراٹ کوہلی نے کیچ لپکا۔
ان دونوں سینئر بلے بازوں خاص طور پر کپتان ڈیوڈ وارنر کے اتنی جلد آؤٹ ہوجانے سے ایسا لگ رہا تھا کہ ہندوستانی بولرز آسٹریلیا کو یہ قلیل اسکور بھی پار نہیں کرنے دیں گے۔لیکن قلیل اسکور پر ہی دونوں سینئر ساتھیوں کے آؤٹ ہوجانے کے باوجوہیڈ اور ہینرکس نے حوصلہ نہیں ہارا اور جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے تابڑ توڑ حملے کر کے ہندوستانی بولروں کو حاوی نہ ہونے دیا اور16ویں اوور میں ہی ٹارگٹ پورا کر لیا۔ہینرکس نے46گیندوں پر چار چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کے ساتھ62اور ہیڈ نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 34گیندوں پر48رنز بنائے۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان نے بڑا مایوس کن آغاز کیا۔پہلے ہی اوور میں افتتاحی بلے باز روہت شرمااور کپتان وراٹ کوہلی آؤٹ ہوگئے۔ ابھی اسکور70رنز ہی تھا کہ سات بلے باز آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ چکے تھے۔
اورایسا محسو س ہو رہا تھا کہ ہندوستان100رنز بھی نہیں بنا پائے گا ۔لیکن ہاردیک پانڈیا اور جسپریت بومراہ نے 8ویں وکٹ کے لیے 33رنز کی پارٹنر شپ کر کے ٹیم کا مجموعی اسکور118تک پہنچانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔کیدار جادھو27بالوں پر تین چوکوں اورا یک چھکے کی مدد سے27رنز بنا کر نمایاں رہے۔پانڈیا نے 23گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے25 رنز بنائے۔کوہلی کوئی رن نہ بنا سکے۔ٹاپ آرڈڑ کے چا ر بلے باز روہت شرما، کوہلی۔شکھر دھون اور منیش پانڈے دو عددی ہندسہ میں بھی نہ پہنچ سکے۔آسٹڑیلیا کی طرف سے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر جیسن بیرن ڈورف نے ،جنہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا،21رنز کے عوض4وکٹ لے کر کامیاب بولر رہے۔ زمپا کو دو وکٹ اورکولٹر نائیل،اے ٹائی اور اسٹوئنیس کو ایک ایک وکٹ ملا۔

Title: australia won by eight wickets and leveled the three match series 1 1 | In Category: کھیل  ( sports )