آزادی کپ کے لیے ورلڈ الیون لاہور پہنچ گئی، پاکستان کرکٹ بورڈ چیرمین نے استقبال کیا

اسلام آباد:جنوبی افریقہ کے فاف ڈپلوسیسی کی قیادت میں ایک14رکنی ورلڈ الیون اتوار اور پیر کی درمیانی شب لاہور پہنچ گئی ہے۔ پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کا میلہ سجنے میں صرف ایک دن باقی رہ گیا ہے جس کیلئے 7 ممالک کے کھلاڑیوں پر مشتمل ورلڈ الیون کی ٹیم دبئی سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچی تو چیرمین پی سی بی نجم سیٹھی سمیت کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام نے ان کا بھرپور انداز میں استقبال کیا۔ ٹیم کے ایک کھلاڑی سیموئل بدری کیربیئن لیگ میں مصروف ہونے کی وجہ سے ٹیم کے ساتھ نہیں پہنچے لیکن وہ منگل کو ہونے والے میچ سے پہلے لاہور پہنچ جائیں گے۔
ورلڈالیون کی آمد کے موقع پر ایئرپورٹ میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے جہاں سے کھلاڑیوں کو سیکیورٹی حصار میں ہوٹل پہنچایا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹیم کے لاہور پہنچنے پر ایئرپورٹ اور پھر ٹیم ہوٹل میں میڈیا کو کوریج کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے خود متعلقہ وڈیوز اور تصاویر میڈیا کو جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ورلڈ الیون کے اس مختصر دورے کو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے ضمن میں انتہائی اہمیت دی جارہی ہے کیونکہ اس دورے کی کامیابی کی صورت میں سری لنکا نے آئندہ ماہ پاکستان آکر ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ورلڈ الیون کی دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ 12 ستمبر کو کھیلا جائے گا، 13 ستمبر کو دوسرا جب کہ 15 ستمبر کو تیسرا میچ ہو گا جس کے بعد ورلڈ الیون کی ٹیم 16 ستمبر کو واپس روانہ ہو جائے گی۔

Title: world xi reaches lahore for independence cup | In Category: کھیل  ( sports )