آسٹریلیا کے خلاف پہلے تین ون ڈے میچوں کی ٹیم میں اشون اور جڈیجہ شامل نہیں

نئی دہلی: اسٹار آف اسپنر روی چندرن اشون اور لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ کو آسٹریلیا کے خلاف پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے تین میچوں میں بھی ہندوستان کی 16 رکنی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ اشون اور جڈیجہ کو سری لنکا کے خلاف حال ہی میں اختتام پذیر ہوئی پانچ میچوں کی سیریز اور واحد ٹونٹی۔ 20 میچ کے لیے بھی ٹیم میںشامل نہیں گیا تھا۔ سری لنکا میں کھیلنے والی 15 رکنی ٹیم میں سے صرف تیز گیند باز شاردل ٹھاکر کو ٹیم سے باہر کیا گیا ہے جبکہ تیز گیند باز جوڑی امیش یادو اور محمد شامی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ دونوں تیز گیند باز سری لنکا میں یک روزہ سیریز کا حصہ نہیں تھے۔ سلیکشن کمیٹی کے چیف ایم ایس کے پرساد نے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف پہلے تین ون ڈے کے لئے ٹیم کا انتخاب روٹیشن پالیسی کے تحت کرنے کے باعث اشون اور جڈیجہ کو آرام دیا گیا ہے۔
پرساد نے کہا کہ سری لنکا کے دورے میں ٹیم کی کارکردگی شاندار رہی تھی۔ اکشر پٹیل اور یجویندر چہل جیسے کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہر کیا تھا اس لئے انہیں مزید موقع دینا ضروری سمجھا گیا ۔ یہ سب کچھ ہماری پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت ہمیں اپنے محفوظ ذخیرے کو متحرک رکھنا ہے تاکہ ہم آئندہ دوروں کی بھی تیاری جاری رکھ سکیں۔ ہندوستان کو آسٹریلیا سے پانچ ون ڈے اور تین ٹونٹی۔ 20 میچ کھیلنے ہیں۔ پہلا ون ڈے 17 ستمبر کو چنئی میں، دوسرا 21 ستمبر کو کولکاتا میں اور تیسرا 24 ستمبر کو اندور میں ہونا ہے۔ پہلے تین ون ڈے کے لئے ٹیم اس طرح ہے: وراٹ کوہلی (کپتان)، روہت شرما (نائب کپتان)، شکھر دھون، لوکیش راہل، منیش پانڈے، کیدار جادھو، اجنکیا رہانے، مہندر سنگھ دھونی (وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، کلدیپ یادو، یجویندر چہل، جسپریت بمراہ، بھونیشور کمار، امیش یادو اور محمد شامی۔

Title: ashwin jadeja not named for first three india vs australia odis | In Category: کھیل  ( sports )