ورلڈ کپ فٹبال: جنوبی کوریا اور سعودی عرب نے کوالیفائی کر لیا

ہانگ کانگ: جنوبی کوریانے ازبکستان کے خلاف ڈرا کھیلنے کے ساتھ ہی مسلسل نویں مرتبہ فٹ بال عالمی کپ کا ٹکٹ حاصل کرلیا جبکہ سعودی عرب نے بھی جاپان کے خلاف ایک۔صفر کی جیت کے ساتھ تیسرا مقام حاصل کرکے ایشیا کوالیفائر سے آئندہ سال روس میں کھیلے جانے والے فیفا ٹورنامنٹ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ سعودی عرب کے متبادل کھلاڑی فہد المولدنے فاتحانہ گول کرتے ہوئے سال2006کے بعد پہلی مرتبہ اپنی ٹیم کو عالمی کپ کے لئے کوالیفائی کردیا جبکہ حریف ٹیم جاپان پہلے ہی کوالیفائی کرچکی ہے اس لئے اس شکست سے اس کی پوزیشن پر کوئی اثر نہیں ہوا لیکن اس نتیجے نے آسٹریلیا کو گروپ بی میں تیسرے نمبر پر پہنچا دیا جہاں وہ پلے آف میں شام سے مقابلہ کرے گی جس نے ایران کے ساتھ2-2سے ڈرا کھیلا اور گروپ اے میں تیسرے نمبر پر رہی۔ اس جیت کے بعد سعودی عرب اپنی تاریخ میں پانچویں مرتبہ فٹ بال کے عالمی کپ میں حصہ لینے کا مستحق قرار پایا ہے۔ اس سے قبل وہ 1994 میں امریکا ، 1998 میں فرانس، 2002 میں جنوبی کوریا اور جاپان اور 2006 میں جرمنی میں ہونے والے مسلسل چار عالمی کپ مقابلے کھیل چکا ہے۔

Title: south korea saudia arabia qualify for world cup | In Category: کھیل  ( sports )