لاہور ہوائی اڈے پر مصباح الحق کا والہانہ استقبال،پھولوں سے لاد دیا گیا

اسلام آباد: پاکستان کے کامیاب ترین کپتان مصباح الحق کا ویسٹ انڈیز سے واپسی پر لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایر پورٹ پر والہانہ استقبال کیا گیا۔ویسٹ انڈیز کے خلاف الوداعی سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد حال ہی میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے ریٹائر ہونے والے کپتان مصباح الحق اپنی اہلیہ اور بچوں کے ہمراہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پہنچے۔
ایئرپورٹ پر پہلے سے موجود شائقین کرکٹ اور عوام کی ایک بڑی تعداد ان پر تپاک خیر مقدم کے لیے موجود تھی ۔ پھولوں کے ہار پہنائے گئے، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور گل دستے پیش کیے گئے۔اس موقعہ پر مصباح الحق نے کہا: میں اپنی یاد گار فتح کو ہمیشہ یاد رکھوں گا۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیتنے میں ساری ٹیم نے مل کر محنت کی ہے لہٰذا ٹیم کے سارے ممبر لائق تحسین ہیں۔
دوسری جانب کراچی میں یونس خان کا سنچری کے بعد کا انداز اور مصباح کا سلیوٹ دیوار مصباح و یونس کی زینت بن گئے ہیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مصباح الحق پاکستان کے پہلے کپتان ہیں جس نے ویسٹ انڈیز کی سر زمین پر پہلی بار کوئی ٹیسٹ سریز جیتی ہے۔تین ٹیسٹ میچوں کی اس سریز میں پاکستان کو2-1سے کامیابی ملی ہے۔

Title: misbah ul haq gets heros welcome on return to pakistan | In Category: کھیل  ( sports )