میتھیوز اور ایر کی طوفانی اننگز بھی دہلی ڈیر ڈیولس کو شکست سے نہ بچا سکی

حیدرآباد: (یو این آئی) کین ولیمسن اور شیکھر دھون کی شاندار ہاف سنچریوں کے بعد گیند بازوں کی نپی تلی گیند بازی کی بدولت دفاعی چمپئن سن رائزرس حیدرآباد نے بدھ کے روز کھیلے گئے آئی پی ایل کے ایک میچ میں دہلی ڈئیر ڈیولس کو 15 رنوں سے شکست دے کر لگاتار دوسری جیت درج کی۔ حیدرآباد کی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اووروں میں چار وکٹ پر 191 رن کا بڑا اسکور بنایا۔بعد ازاں دہلی کی ٹیم کو پانچ وکٹ پر 176 رنوں پر روک دیا۔یہ حیدرآباد کی چھ میچوں میں چوتھی جیت ہے جبکہ دہلی کی پانچ میچوں میں یہ تیسری شکست ہے۔ آخری وقت میں دہلی کے نوجوان بلے باز شرےئس ایر (ناٹ آؤٹ 50) نے کوشش ضرور کی لیکن بالآخر یہ ناکافی ثابت ہوئی۔ دہلی کو آخری اوور میں جیت کے لیے 24 رنوں درکار تھے۔انجیلو میتھیوز نے سدھارتھ کول کی دوسری گیند پر چھکا لگاکر جیت کی توقعات بڑھادیں لیکن کول نے حواس برقرار رکھتے ہوئے لائن اور لینتھ بگڑنے نہیں دی اور میتھیوز کو31کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کر کے ٹیم کو 15 رنوں سے جیت سے ہمکنار کر دیا۔ ایئر نے 31 گیند وں پر 50 رن میں پانچ چوکے اور دو چھکے لگائے جبکہ میتھیوز نے 23 گیند میں 31 رن میں دو چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ میتھیوز اور ایئر نے پانچویں وکٹ کے لئے 6.4 اوور میں 70 رن کی ساجھے داری کی۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے دہلی کی ابتدا اچھی نہیں تھی اور اس نے سیم بلگس (13) کے طور پر اپنا پہلا وکٹ 14 رن کے اسکور پر کھو دیا تھا۔
لنگس نے جارحانہ آغاز کیا تھا اور نو گیندوں کی اپنی مختصر اننگ میں انہوں نے تین چوکے بھی لگائے لیکن وہ اپنی اننگ کو زیادہ طویل نہیں دے سکے اور محمد سراج کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ بعدازاں سنجو سیمسن (42) اورکر ون نائر (33) نے اپنے وکٹ تو بچائے ہی، ساتھ ہی رن بنانے کی رفتار میں بھی اضافہ کرتے ہوئے ٹیم کو پٹری پر لا دیا تھا۔ دہلی کے ایک وقت چار اوور میں 32 رن بنے تھے جب چھ اوور کے پاورپلے کے اختتام کے بعد اس کا اسکور 56 رن ہو گیا تھا۔ نائر کے رن آؤٹ ہونے سے پہلے دہلی نو اووروں میں 80 رن پر ایک وکٹ کی مضبوط پوزیشن میں تھا لیکن 10 ویں اوور میں دہلی نے کرن نائر اور رشبھ پنت (صفر) کے وکٹ کھو دیئے اور مشکلوں میں پھنس گئی۔نائر نے 23 گیندوں پر پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ پنت یوراج سنگھ کی پہلی گیند پر وارنر کو کیچ دے بیٹھے۔ پانچویں نمبر پر شرےئس ایر (ناٹ آؤٹ 50) نے سیمسن کے ساتھ مل کر اننگ کو پھر سنبھالنے کی کوشش کی لیکن سیمسن کے 14 ویں اوور میں ٹیم کے 105 کے اسکور پر آؤٹ ہوتے ہی یہ ساجھے داری بھی ٹوٹ گئی۔سیمسن اور ایئر نے 19 رن بنائے۔ حیدرآباد کی جانب سے محمد سراج نے 39 رنوں پر دو وکٹ لئے جبکہ کول اور یوراج سنگھ کو ایک ایک وکٹ ملا۔ اس سے قبل ٹاس جیت کر میزبان حیدر آباد نے چار وکٹ پر 191رنز بنائے جس میں افتتاحی بلے باز شیکھر دھون نے 50گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے70اور ولیمسن نے 51گیندوں پر چھ چوکوں اور پانچ چھکوں کے ساتھ89رنز بنائے۔ ان دونوں کی رفاقت میں دوسرے وکٹ کے لیے بننے والے 136رنز میچ وننگ ثابت ہوئے۔ دہلی کی طرف سے مورس چار وکٹ لے کر کامیاب باؤلر رہے۔ولیمسن کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Title: williamson and dhawan overwhelm delhi | In Category: کھیل  ( sports )